کاروار، 28؍اگست (ایس او نیوز)ہر سال اسکولوں میں جو وسط مدتی چھٹیاں اکتوبر میں دی جاتی ہیں وہ عموماًمیسورودسہرہ سے قبل مل جاتی تھیں۔لیکن امسال محکمہ تعلیم نے 11اکتوبر سے 25اکتوبر تک چھٹیوں کا جو شیڈول بنایا ہے اس کے مطابق یہ چھٹیاں دسہرہ ختم ہونے کے بعد شروع ہورہی ہیں۔ اس پر والدین اور عوام نے اعتراض جتاتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کا یہ اقدام درست نہیں ہے۔
دراصل امسال میسورو دسہرہ کی تقریبات ستمبر 21سے شروع ہوکر 30ستمبر کو اختتام پزیر ہونے والی ہیں۔ اور اکتوبر کی 15دنوں کی چھٹیوں کا جو سرکیولر جاری ہواہے اس میں دسہرہ کی چھٹیاں درج کیا گیا ہے جبکہ اس وقت دسہرہ کی تقریبات ختم ہوچکی ہوتی ہیں۔عوام کا کہنا ہے کہ اگر میسورو ضلع کے تعلیمی اداروں کو ستمبر میں دسہرے کی مناسبت سے چھٹیاں دی جاتی ہیں اور دیگر اضلاع کے تعلیمی اداروں کو اس کے بعد اکتوبر میں چھٹیاں دی جاتی ہیں تو پھر یہ دیگر اضلاع کے طلبہ اور والدین کو دسہرہ جیسے مشہور و معروف ایک ریاستی تہوار میں شرکت سے محروم کرنا ہوگا۔
اس ضمن میں محکمہ تعلیم نے وضاحت کی ہے کہ تعلیمی نصاب اور امتحانی سرگرمیوں کے پیش نظر تعلیمی کیلنڈر تیار ہوتا ہے او ر اسی کی مناسبت سے مڈ ٹرم (وسط مدتی) چھٹیاں طے کی جاتی ہیں اس لئے ہرسال ہونے والے تہواروں کی تاریخ اور تعلیمی کیلنڈر میں ہمیشہ یکسانیت ہونا ضروری نہیں ہے۔